لاء اینڈ آرڈر صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے حکمت عملی پر نظر ثانی کرنا ہوگی ،امین وینس

لاء اینڈ آرڈر صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے حکمت عملی پر نظر ثانی کرنا ہوگی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ دہشت گردمال روڈ جیسا بزدلانہ حملہ کر کے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ہمیں ساتھیوں کی شہادتوں نے دہشت گردوں کے ساتھ پہلے سے زیادہ ہمت کے ساتھ جنگ کرنے کی طاقت دی ہے ۔لاہور پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی خاطرڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن(ر)سید احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد محمود گوندل سمیت اہلکاروں کی صورت میں بڑی قربانی دی ہے ۔افسران کی شہادت نے یہ ثابت کر دیا کہ اس ملک و قوم پر کوئی بھی میلی آنکھ اٹھنے سے پہلے جان کا نذرانہ پیش کر یں گے لیکن اس پاک وطن پر آنچ بھی نہ آنے دیں گے ۔لاہور پولیس نے گزشتہ دنوں میں بہت زیادہ تھریٹس کے باوجود شہر میں زندگی کو معمول کے مطابق رکھنے کے لئے قلیدی کردارادا کیا ہے ۔ہمیں دہشت گردوں کے خلاف ہر حالت میں جنگ کو لڑنا اور جیتنا ہے ۔ہمیں مظاہرین کے دوران لاء اینڈ آڈر کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے حکمت عملی پر نظر ثانی کر نی ہوگی ۔آئندہ ایسی حکمت عملی بنائی جائے گی جس میں مظاہرین احتجاج کی بجائے ٹیبل ٹاک کے ذریعے رضامند ہوجائیں۔ہمیں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کو بھی توڑنا ہے ۔شہادت کا رتبہ بہت بڑا ہے جن شہیدوں نے راہ حق میں شہادت پائی ہے اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں افسران و اہلکاروں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر کئے جائیں گے اورسفاک دہشت گردوں سے نمٹا جائے گا ۔جتنے بھی اہلکاروں کی عیادت کی ہے سب کے حوصلے بلند تھے اور عزم جواں تھا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چودھری سلطا ن نے اس موقع پر کہا کہ کیپٹن (ر)سید احمد مبین اور زاہد نواز گوندل سمیت اہلکاروں نے قربانی دے کر لاہور پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔

مزید :

علاقائی -