قتل کا مقدمہ، قیدی خاتون اور جرم میں شریک ملزم کی سزائیں کالعدم قرار
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے ایک خاتون سمیت قتل کے مقدمہ کے 2ملزموں کی اپیلیں منظو رکرتے ہوئے انہیں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزائیں کالعدم کردیں۔ جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محمد سعید اور پروین بی بی کی اپیل پر سماعت کی جس میں ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی سزا ؤں کوچیلنج کیا گیاتھا، اپیل کنندہ کے وکیل نے بتایا کہ ملزموں پر حمید نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا،متعلقہ سیشن کورٹ نے محمد سعید کو سزائے موت اور پروین بی بی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی ماتحت عدالت نے حقائق کو نظر انداز کیا۔ عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ نے سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے اپیل کنندہ کو بری کر دیا ہے ۔