سابق انگلش بلے باز مائیکل یارڈی سسکس کلب کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر
لندن(اے پی پی) سابق انگلش بلے باز مائیکل یارڈی سسکس کلب کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر ہو گئے۔ 36سالہ آل راؤنڈر نے 2015ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے گزشتہ سال سسکس انڈر 17 ٹیم کی کوچنگ کی تھی۔ یارڈی کو مختلف کلبوں کی طرف سے 14 ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس کے علاوہ انہیں 28 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی میچز میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہے، وہ 2010ء میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کی فاتح انگلش سکواڈ کا حصہ تھے۔ سسکس ڈائریکٹر آف کرکٹ کیتھ گرین فیلڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ یارڈی انٹرنیشنل اور لیگ کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ان کی بطور بیٹنگ کوچ خدمات ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، امید ہے کہ وہ اپنے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کلب کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔
Back to Conversion To