روز ٹیلر کی اپنے ٹی20 مستقبل پر بورڈ سے وضاحت طلب

روز ٹیلر کی اپنے ٹی20 مستقبل پر بورڈ سے وضاحت طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ویلنگٹن(اے این این)نیوزی لینڈ ٹیم کے بلے باز روز ٹیلر نے جنوبی افریقہ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی سے نظر انداز کئے جانے پر اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کے حوالے سے بورڈ سے وضاحت مانگ لی۔ ٹیلر نے بھارت میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ اور اس کے بعد انہیں مسلسل ٹی ٹوئنٹی ا سکواڈ سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ٹیلر نے اب تک 73 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1256 رنز بنا رکھے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ٹیلر نے پروٹیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کیلئے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ کوچ مائیک ہیسن اور سلیکٹرز مجھے بتائیں کہ ٹیم میں دوباہ جگہ بنانے کیلئے مجھے کیا کرنا ہو گا، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے ڈراپ کئے جانے پر میں نے ٹیم کوچ ہیسن سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ آپ کو ہمارے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے لیکن پروٹیز کے خلاف میچ میں شامل نہ کرنے پر انہیں مجھے میرے ٹی ٹونٹی مستقبل کے حوالے سے مزید وضاحت دینا ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں 2019ورلڈکپ تک ٹیم کی نمائندگی کیلئے تیار ہوں اس کے بعد مستقبل کے بارے کوئی فیصلہ کروں گا۔ دوسری جانب کیوی کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں اچھا پرفارم کر رہے ہیں اس لئے اس وقت ٹیلر کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی لیکن مستقبل میں ہم ان کی ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس کو مدنظر رکھ کر انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں۔