ویٹرنز کرکٹ ٹورنامنٹ، عامر کیبلز کی 103 رنز سے فتح
لاہور(سپورٹس رپورٹر) تیسرے ترک پلاسٹ ویٹرنز گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ میں عامر کیبلز اور لاہور وائٹس کے درمیان علی گڑھ کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا گیا جو کہ عامر کیبلز نے 103 رنز سے جیت لیا۔ عامر کیبلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے۔ جمشید سلمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے78، افضل شاہ 50، صہیب فیصل 36 اور امتیاز تارڑ نے 20 رنز بنائے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصل عظیم نے چار، طاہر ارشاد نے دو، آصف عباس، طارق جونیئر اور طارق صدیقی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور وائٹس 27.3 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی۔ کامران خان نے 51 اور سلیم الہٰی نے 28 رنز بنائے۔
عامر کیبلز کی جانب سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریحان رؤف نے چار ، اکبر علی نے دو، شکیل ملک ، افتخار احمد اور امتیاز تارڑ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پروفیسر ناصر حسین، محمد آصف امپائر جبکہ وارث بشیر اور قاسم شفیق نے سکورنگ کے فرائض انجام دیئے۔ میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی عظمت پوری اور عامر الیاس بٹ نے افضل شاہ اور جمشید سلمان کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ کا انعام دیا۔