فوج نے غلنئی میں 5‘سی ٹی ڈی نے جہانیا ں میں 6دہشتگرد مار دیے

فوج نے غلنئی میں 5‘سی ٹی ڈی نے جہانیا ں میں 6دہشتگرد مار دیے

خانیوال (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشتگردی فورس نے جہانیاں کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جماعت الاحرار کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کو خفیہ اطلاع ملی کہ جماعت الاحرار کے 9 سے 10 دہشتگرد حساس مقامات پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی نے فوری طور پر مبینہ دہشتگردوں کی کمین گاہ پر چھاپہ مارا ۔ چھاپہ پڑنے پر مبینہ دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 6 دہشتگردمارے گئے جبکہ تین سے چار دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم جماعت الاحرار نے قبول کی تھی جبکہ اس جماعت نے پاکستان بھر میں آپریشن غازی کے نام سے حملوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکے کے بعد پاک فوج نے بڑا آپریشن کر کے 5دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق مہمند ایجنسی میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا اور غلنئی کے علاقے شیخ بانڈہ میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردو کو ہلاک کردیا۔واضح رہے کہ آج صبح مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پالیٹکل انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر ایک خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے پر اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 3خاصہ دار اہلکاروں سمیت 6افراد شہید ہو گئے تھے۔سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد کا ساتھی بھی ہلاک ہوا تھا۔اس دھماکے کے فوراً بعد پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔بعد ازاں پشاور کے علاقے حیات آباد میں بھی دہشت گردوں نے جج کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید جبکہ خواتین سمیت 18افراد زخمی ہوئے تھے

مزید : صفحہ اول