محکمہ پولیس کے دفاتر میں نئے پلان کے تحت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی

محکمہ پولیس کے دفاتر میں نئے پلان کے تحت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیاقت کھرل) سانحہ چیئرنگ کراس کے بعد آئی جی پولیس ، سی سی پی او لاہور ، ٹریننگ سنٹروں اور پولیس لائنوں سمیت محکمہ پولیس کے دفاتر میں نئے پلان کے تحت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس دفاتر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، کمانڈوز کی تعیناتی کا سلسلہ جبکہ دفاتر کے ارد گرد کلوز سرکٹ کیمروں کی تعداد بڑھانے اور ناکارہ کیمروں کو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ’’پاکستان‘‘ کی ٹیم نے اس سلسلہ میں آئی جی پولیس اور سی سی پی او لاہور سمیت محکمہ پولیس کے مختلف دفاتر کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے سروئے کیا تو اس موقع پر یہ بات سامنے آئی کہ نئے سیکیورٹی پلان کے تحت سی سی پی او لاہور کے دفتر میں سیکیورٹی کے لئے راتوں رات نیا گیٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ جس میں سائلین کا داخلہ نئے گیٹ کے ذریعے ہو گا اور داخلی گیٹ پر پہلے سے نصب واک تھرو گیٹ کو تبدیل کر کے نیا واک تھرو گیٹ لگا دیا گیا ہے اور چیکنگ کے لئے اہلکاروں کو باقاعدہ میٹل ڈیٹکٹر دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح آی جی پولیس پنجاب کے دفتر میں بھی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ٹریننگ سنٹروں اور پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ ، قربان لائن پولیس سمیت محکمہ پولیس کے تمام دفاتر کی سیکیورٹی بھی نئے سیکیورٹی پلان کے تحت نافذ کر دی گئی ہے۔ جس میں ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اور ایلیٹ کمانڈوز کے کورس پاس کرنے والے اہلکاروں کو تعینات کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ آئی جی آفس سمیت سی سی پی او لاہور اور ٹریننگ سنٹروں سمیت تمام دفاتر میں سیکیورٹی کیمروں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے اور اس میں ناکارہ کیمروں کو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں کی سیکیورٹی اور ڈیوٹی کے لئے مامور پولیس اہلکاروں کو ایک جگہ اکٹھے کھڑے نہ ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں آئی جی پولیس سمیت سی سی پی او لاہور اور محکمہ پولیس کے دفاتر کے ارد گرد کیمروں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لئے الگ سے اہلکاروں کو ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں ۔ اس حوالے سے ایس پی سول لائن ڈویژن سید علی رضا نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ سانحہ چیئرنگ کراس کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور مشکوک افراد کی چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول لائن سمیت تمام ڈویژنوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے جس میں قربان لائن پولیس سمیت صرف سول لائن ڈویژن میں 10 ہزار گھروں کو سرچ آپریشن کے دوران چیک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کی دیگر ڈویژنوں میں بھی ہزاروں گھروں کو سرچ آپریشن کے دوران چیک کر کے درجنوں مشکوک اور نامکمل کوائف والے افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس

مزید :

صفحہ اول -