فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے دہشتگردی ختم ہوجائے گی :عمران خان

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے دہشتگردی ختم ہوجائے گی :عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور،اسلام آباد (اے این این، آن لائن) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور،پشاور اور مہمند ایجنسی میں خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے فوائد حاصل کرنے کے لیے فاٹا میں جلد از جلد استحکام قائم کرنا ہوگا جبکہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی۔پشاور میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حیات آباد دھماکے میں ججز کو ٹارگٹ کیا گیا۔ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کیخلاف کام کرنا چاہیے۔ سنا ہے دہشت گردی کی نئی لہر آنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں اتفاق رائے ہوا، نیپ سے فوائد حاصل کرنے کے لیے فاٹا میں جلد از جلد استحکام قائم کرنا ہوگا اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں جلد از جلد ضم کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو وسائل دینے ہی ہوں گے کیونکہ وہاں ہر چیز تباہ ہوچکی ہے، فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے علاوہ اور کوئی بہتر راستہ نہیں ہے جبکہ فاٹا کے ضم ہونے سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی۔عمران خان نے کہا کہ فاٹا کو ضم کرنا آسان نہیں ہوگا، فاٹا کے علیحدہ قوانین اور رسم و رواج ہیں اس لیے ضم کرنے کے عمل میں تھوڑا مسئلہ آئے گا، آپریشن ضرب عضب ختم ہونے پر فاٹا اور خیبر پختونخوا کو ایک ہونا تھا لیکن اس میں تھوڑی تاخیر ہوئی۔عمران خان نے حیات میڈیکل کمپلیکس میں خود کش حملے میں زخمی ہونیوالوں کی عیادت کی اور انہیں بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان کے ہمراہ وزیر اعلی پرویز خٹک اور وزرا بھی تھے۔ علاوہ ازیں بدھ کے روز پانامہ لیکس کے مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے بیانات میں تضاد ہے بیرون ملک جائیداد کا کوئی ثبوت نہیں ۔ اسحاق ڈار کا بیان ہی منی ٹریل ہے قومی ادارے جعلی کاغذات بنانے اور شریف خاندان کو بچانے میں لگے ہیں ۔ ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹی وی انٹرویو میں کیا کہ بیرون ملک ہماری کوئی جائیداد نہیں جبکہ ان کے صاحبزادے حسین نواز سمیت خواجہ آصف و دیگر نے تسلیم کیا ہے کہ بیرون ملک مے فیئر فلیٹس جائیداد خریدی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس دستاویزات سامنے آنے سے شریف خاندان کی باہر جائیدادیں سامنے آئیں اور لندن مے فیئر فلیٹس کی ملکیت حوالے سے ( آئی سی آئی جے ) انویسٹی گیسٹو صحافی تنظیم اور عالمی نشریاتی ادارے ( بی بی سی ) نے کنفرم کیا ہے کہ لندن فلیٹس کی بینیفشری اونر مریم نواز ہیں جبکہ نواز شریف نے اسمبلی کے فلور پر تسلیم کیا کہ بیرون ملک جائیداد کی تمام دستاویزات اور ثبوت ان کے پاس موجود ہیں لیکن گزشتہ 9 ماہ کے دوران کوئی ایک بھی ثبوت نہیں فراہم کیا گیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ لندن فلیٹس ان کی جائز جائیداد ہے ۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -