نوشہرہ ورکاں کا فوجی جوان راولا کوٹ میں شہید،تدفین آج ہو گی

نوشہرہ ورکاں کا فوجی جوان راولا کوٹ میں شہید،تدفین آج ہو گی

نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی) نوشہرہ ورکاں کا فوجی جوان راولاکوٹ میں شہید، جسد خاکی کو آج پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نوشہرہ ورکاں کے محلہ سمن آباد کے رہائشی محمد صدیق کا 27 سالہ بیٹا محمد جمیل 8 سال سے پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہا تھا۔ کل صبح پانچ بجے آزاد کشمیر کے مقام راولاکوٹ کے سیکٹر حنزیرہ پر وطن پاک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہا تھا کہ بزدل بھارتی فوج نے بلا وجہ فائرنگ کر دی جس سے محمد جمیل شہید ہو گیا. اس کے جسد خاکی کو آج پورے فوجی اعزاز کے ساتھ نوشہرہ ورکاں کے بدورتہ روڈ والے قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا جہاں پر شہید کو فوج کا چاک و چوبند دستہ سلامی پیش کرے گا۔ شہید محمد جمیل 9 بہن بھائی تھے اور اس کا آٹھواں نمبر تھا۔ شہید محمد جمیل غیر شادی شدہ تھا.اس کے بڑے بھائی محمد خلیل نے صحافیوں کو بتایا کہ بھائی کی شہادت سے ہمارا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے، اور وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کے لئے ہم اپنی جان و مال سب کچھ قربان کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر