صادق آباد، لنڈا بازار میں آتشزدگی، سینکڑوں دکانیں راکھ، کروڑوں کا نقصان

صادق آباد، لنڈا بازار میں آتشزدگی، سینکڑوں دکانیں راکھ، کروڑوں کا نقصان

صادق آباد(نامہ نگار،نمائندہ پاکستان) ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع لنڈا بازار میں گزشتہ رات تقریبا پونے 12بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی ،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا‘ سینکڑوں دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں جس کے باعث غریب دکانداروں کا کروڑوں روپے کا مال جل کر خاکستر ہو گیا ‘آگ کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹی ایم اے، ریسکیو 1122، مقامی کھاد فیکٹریوں کی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں آگ کے شعلے آسمان کی طر ف بلند ہو رہے تھے تقریبا سات گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا گیا ‘واقعہ کی اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد شفیق‘ چےئرمین بلدیہ چوہدری شفیق پپاء‘ڈی ایس پی مہر ناصر سیال ثاقب‘ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار بابر‘ڈاکٹر عادل الرحمن‘ انچارج ریسکیو صادق آبادمحمود‘ سرکل بھر کے ایس ایچ اوز اپنی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جو آگ بجھانے کے کام کی نگرانی کرتے رہے ،سینکڑوں دکانوں کے جلنے سے کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے ۔ گزشتہ رات لنڈا بازار میں آگ لگنے کے واقعہ کیخلاف صدر لنڈا بازار حاجی جمیل ‘ صدر انجمن شاپنگ سینٹر چوہدری صادق جاوید کی قیادت میں سینکڑوں دکانداروں لنڈا بازار نے ریلوے لائن میں جاکر شدید احتجاج کیا اس دوران کراچی سے لاہور جانے والی گڈز ٹرین بھی آگئی جسے مظاہرین نے زبردستی روک لیا ‘ٹرین تقریبا ایک گھنٹہ تک رکی رہی جس پر ایس ایچ او سٹی صفدر اقبال سندھو موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے ،جس کے بعد احتجاجی مظاہرین پر امن طو رپر منتشر ہو گئے اور ٹرین لاہور کیلئے روانہ ہو گئی ۔صدر لنڈا بازار حاجی جمیل نے الزام عائد کیا کہ ریلوے حکام زبردستی ہم سے جگہ خالی کروانا چاہتا تھا حالانکہ اس اراضی کا کیس بھی عدالت میں زیر سماعت ہے انھوں نے کہاکہ ریلوے حکام نے ہمیں یہاں سے نکالنے کیلئے خود آگ لگوا ئی ہے اس کی تحقیقات کروائی جائیں۔بعد ازاں ڈی پی اورحیم یارخان ذیشان اصغر‘ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آگ لگنے کی جگہ پر پہنچے جنہوں نے متاثرین لنڈا بازار سے ملاقات کی اور انہیں حکومت پنجاب سے امدای رقم دلوانے کی بھی یقین دہانی کروائی ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر