سروے میں پسماندہ طبقات کا اندراج حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے : ماروی میمن

سروے میں پسماندہ طبقات کا اندراج حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے : ماروی میمن

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے آج لکی مروت میں تما م اسٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں گھر گھر سروے کا افتتاح کی۔ لکی مروت بی آئی ا یس پی کے گھر گھر سروے کئے جانے والے 12پائلٹ اضلاع میں سے ایک ہے جہا ں متوقع گھرانوں کی تعداد 100,755ہے۔ چارسدہ خیبر پختونخواہ کا ایک اور ضلع ہے جہاں گھر گھر سروے کیا جارہا ہے ، جبکہ ہری پور میں قومی سماجی و اقتصاری رجسٹری (NSER)اپڈیٹ کیلئے ڈیسک رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملاقات کی ۔ ضلعی چیئرمین اشفاق خان منکیال اور مقامی انتظامیہ کی سربراہی میں تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی ناظمین نے ملاقات میں شرکت کی۔ ڈی سی او محمد بختیار خان اور ڈی پی او سید خالد ہمدانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی بنیادوں پر کئے جانے والے سروے میں معاشرے کے پسماندہ طبقات کا اندراج وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے لکی مروت کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے حمایت اور نگرانی سروے کی کامیاب تکمیل کیلئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے گھر گھر سروے کی نگرانی کیلئے ایک نگران سیل کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔محترمہ ماروی میمن نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سروے کیلئے کسی قسم کے فارمز تقسیم نہیں کئے جارہے ہیں اور سروے ایک Appکے ذریعے ٹیبلٹ پر کیا جارہا ہے۔ سروے کیلئے کوئی فیس نہیں ہے اور عوام کو جعلسازوں سے محتاط رہنا چاہیئے اور ایسی کسی بھی قسم کی سرگرمی کے حوالے سے بی آئی ایس پی کے ہاٹ لائن 0800-26477پر اطلاع دیں۔ مقامی اسٹیک ہولڈرز نے لکی مروت میں سروے کے افتتاح پر چیئرپرسن کو مبارکباد پیش کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرپرسن نے تربیتی مرکز کا دورہ بھی کیا جہاں بی آئی ایس پی کی شراکتی فرم کے عملے کی سروے کیلئے تربیت کی جارہی ہے۔ سوشل موبلائزرز سے گفتگو کرتے ہوئے، چیئرپرسن نے کہا کہ کسی بھی سرگرمی کی کامیابی کیلئے موثر کمیونی کیشن ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے۔ مقامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، سوشل موبلائزرزاس بات کو یقینی بنائیں کہ بی آئی ایس پی کی پیغامات ہر کسی تک پہنچیں تاکہ بی آئی ایس پی کی رسائی میں اضافہ ہو۔ سروے کے دوران شمارکنندگان سے خطاب کرتے ہوئے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ڈیٹا اکھٹا کرنا ایک مقدس ذمہ داری ہے کیونکہ مستند رجسٹریشن کے ذریعے غریبوں کو سوشل سیفٹی پروگراموں میں شامل کرتے ہوئے ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے شمار کنندگان کو انکے مقرر کردہ فرائض کو مکمل عزم اور لگن کیساتھ سرانجام دیتے ہوئے علاقے کی 100%کوریج کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ چیئرپرسن خواتین شمارکنندگان سے مل کر بہت خوش ہوئیں جو سروے ٹیموں کا حصہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی حقیقی معنوں میں پاکستان میں خواتین کی بااختیاری اور لکی مروت میں کامیاب سروے کی علامت ہے ۔ دورے کے دوران، ماروی میمن نے سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ۔ن لکی مروت اختر منیر مروت اور ناصر کمال خان مروت کے منظم کردہ بڑے جلسے میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروے لکی مروت کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ بی آئی ایس پی ایف آر لکی مروت میں مکمل سروے کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی توجہ دے گا۔ جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن حبیب اللہ خان، تعریف اللہ خان اور فرید اللہ خان ایڈوکیٹ نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔

مزید : صفحہ اول