تمام تحصیلوں میں کھیلوں کے میدانوں کارتعمیراتی کام جلد مکمل ہوگا : محمود خان

تمام تحصیلوں میں کھیلوں کے میدانوں کارتعمیراتی کام جلد مکمل ہوگا : محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخو ا کے وزیرِ کھیل ،ثقافت ،میوزیم اور امورِ نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے قائد عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ و تر ویج کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے ہیں اور انشا ء اللہ عنقریب صوبے کی تمام تحصیلوں میں جدید سہولیات سے آراستہ کھیلوں کے میدانوں کاتعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قیوم سٹیڈیم پشاور میں انصاف سپورٹس پروگرام کے تحت قمرالزمان سکواش کمپلیکس کے سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت10کروڑ روپے کی لاگت سے قمرالزمان سکواش کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کے چار سکواش کورٹس تعمیر کر رہی ہے جن میں چالیس کھلاڑیوں کیلئے ہاسٹل سمیت دیگر تمام سہولیات بھی میسر ہونگے۔اس موقع پر سابقہ عالمی سکواش چیمپئن قمر الزمان نے صوبائی حکومت کی سکواش دوست پالیسیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس کوشش سے صوبے میں بہترین کھلاڑی سامنے آئینگے اور ملک و قوم کا مستقبل روشن کرکے سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔ صوبائی وزیر نے سابقہ عالمی سکواش چیمپئن قمر الزمان کی سکواش کے میدان میں کامیابیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبر دست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان سے قمرالزمان سکواش کمپلیکس میں مزید چار سکواش کورٹ کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج کے دن پورا ہوگیا ہے۔ محمود خان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں 38گراؤنڈوں پر تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے باقی پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں دیگر شعبوں کیطرح سپورٹس کی ترقی کیلئے جو اقدامات اُٹھائے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔ قبل ازیں انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کر کے قمرالزمان سکواش کمپلیکس پشاور کے تعمیراتی کا م کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل خان صافی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹر سپورٹس اور سابقہ عالمی سکواش چیمپئن قمرالزمان بھی موجو د تھے۔

مزید :

صفحہ اول -