عدالت عظمٰی سے حق پر مبنی فیصلہ آئے گا ،جھوٹوں کا منہ کالا ہوگا : مسلم لیگ (ن)

عدالت عظمٰی سے حق پر مبنی فیصلہ آئے گا ،جھوٹوں کا منہ کالا ہوگا : مسلم لیگ (ن)

 اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مخالفین شریف خاندان کیخلاف کرپشن کے ثبوت نہ دے سکے ، میڈیا پر جھوٹ بولنے والے اپناحساب دیں ، عدالت عظمیٰ سے حق پر مبنی فیصلہ آئے گا اور جھوٹوں کا منہ کالا ہوگا ۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ کے باہر پانامہ لیکس کے مقدمے کیس کی سماعت میں وقفے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کیڈ ڈاکٹر طا رق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ لندن فلیٹس 2006ء سے پہلے شریف خاندان کی ملکیت ہیں جو سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا ہے تحریک انصاف اپنے اس الزام کو درست ثابت کرنے کیلئے عدالت عظمیٰ میں ایک بھی ثبوت نہ دے سکی جبکہ ہم تسلیم کرچکے ہیں کہ 2006ء سے پہلے نہیں بلکہ 2006ء سے ہی یہ فلیٹس شریف خاندان کی ملکیت ہیں اور اس حوالے سے متعلقہ دستاویزات بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے عدالت عظمیٰ میں جمع کراچکے ہیں جس کے بعد یہ بحث ہی فضول ہے کہ سچ پر کون ہے اور جھوٹ پر کون ہے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں شریف خاندان کیخلاف کرپشن کا ایک بھی ثبوت نہ دینے پر مخالفین اب میڈیا کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں عدالتی گفتگو کو توڑ مروڑ کر میڈیا پر پیش کرنے ہیں لیکن ان حربوں کے ذریعے سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت نہیں کیا جاسکتا بلکہ ایسے حرب استعمال کرنے والوں کی اصلیت بہت جلد قوم کے سامنے آجائے گی اور پھر ان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ان حربوں کے ذریعے عدالت عظمیٰ پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوگی ہمیں امید ہے کہ عدالت سے حق اور سچ پر مبنی فیصلہ آئے گا کیونکہ یہ مقدمہ اور اس کا فیصلہ جج کیلئے امتحان ہوتا ہے وہ ہر ایک نقطے کا باریک بینی سے جائزہ لیتا ہے اور انصاف تک پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا ہے ہمیں توقع ہے کہ عدالتی فیصلے سے جھوٹ اور سچ کا فرق واضح ہوجائے گا اور قوم جان سکے گی کہ حق پر کون ہے اور جھوٹ پر کون ہے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان شریف خان کی مقبولیت سے خائف ہیں اس لئے اب شریف خاندان کے ممبران پر ذاتی نکتہ چینی اور تنقید کررہے ہیں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو اس لئے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف بالخصوص عمران خان کے لئے بڑی رکاوٹ ہے اور وہ اس رکاوٹ کو ہٹانے کیلئے میڈیا پر الزام تراشیوں کے ذریعے مریم نواز کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کررہے ہیں عدالت سمیت عوامی عدالت میں بھی مسلم لیگ (ن) اور شریف خاندان کو فتح نصیب ہوگی ۔(ن) لیگ کی رہنما مائزہ حمید نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنے تین نسلوں کاحسا ب دے رہے ہیں الزام لگانے والے دوہرا معیار چھوڑ کر یک رنگ ہوجائیں اور دوسروں پر الزامات لگانے کی بجائے خود اپنی چوری کا بھی احتساب دیں تاکہ عوام جان سکیں کہ کیس کی اصلیت کیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتساب کا نعرہ لگانے والے پہلے خود اس عمل سے گزرے اور تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات بتائیں ۔

مزید : صفحہ اول