ہزاروں افراد کے معاشی قتل کی سازش کی جارہی ہے،اشعر حیات

ہزاروں افراد کے معاشی قتل کی سازش کی جارہی ہے،اشعر حیات

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)کالا قانون کسی صورت منظور نہیں کیا جا سکتا۔ ہزاروں افراد کا معاشی قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔مطالبات کی منظوری تک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا اور کسی دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدرکیمسٹ ایسو سی ایشن اشعر حیات خان نے گذشتہ روز محکمہ صحت کے نمائندہ وفد سے مزاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گذشتہ تین روز سے جاری میڈیکل اسٹوروں کی ہڑتال کے حوالے سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں کیمسٹ ایسو سی ایشن اور محکمہ صحت کے افسران کے درمیان مذاکرات کیے گئے ۔کیمسٹ ایسو سی ایشن کی جانب سے صدر اشعر حیات خان۔جنرل سیکرٹری حافظ امجد۔منظور الہٰی ۔ذیشان۔اختر۔ اور دیگر جبکہ حکومتی جانب سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عظمیٰ خالد۔ڈرگ انسپکٹر حضرو عمر فاروق۔ایم ایس ڈاکٹر آصف نیازی۔ہومیو ڈاکٹر راشد ۔ایس ایچ او سٹی حامد کاظمیسمیت دیگر افسران نے مزاکرات میں حصہ لیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے مطالبہ کو ڈرگ ایسو سی ایشن نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کالے قانون کو کسی صورت منظور نہیں کیا جا سکتا۔ اس شعبہ سے منسلک ہزاروں گھرانوں سے ان کا رزق چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے مگر یہ ظلم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہڑتال سے یقیناًتکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر حکومت کو بھی ہوش کے ناخن لینا چاہیے۔اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان مزاکرا ت کے بعد کیمسٹ ایسو سی ایشن نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو میڈکل اسٹور کھول کر وہا ں سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی ادویات فراہم کر دیں جبکہ صدر کیمسٹ ایسو سی ایشن نے اعلان کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ہر قسم کی ادویات ٹی ایچ کیو کو فراہم کی جائیں گی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر