حسن ابدال شہر میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں،ظہیر احمد

حسن ابدال شہر میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں،ظہیر احمد

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)شہر میں تجاوزات کسی صورت قبول نہیں کی جا ئیں گی۔تاجر تنظیمیں ہمارے ساتھ تعاون کریں یہاں کی رونقیں بحال کر نے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔مرکزی انجمن تاجراں کی مشاورت سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین میونسپل کمیٹی حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ نے گذشتہ روزاپنے دفتر میں مرکزی انجمن تاجراں اور ذیلی تنظیموں کی نمائندہ شخصیات سے تجاوزات کے حوالے سے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سرپرست اعلیٰ مرکزی انجمن تاجراں بابو مبارک علی خان۔ صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری جمشید اختر۔جنرل سیکرٹری سید ہاشم علی علوی سمیت دیگر تاجر نمائندے جبکہ میونسپل کمیٹی کے نو منتخب کونسلر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہر سے تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے اس شہر کے حسن کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔اس مشن میں شہری اور بلخصوص تاجر ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجراں کے صدر چوہدری جمشید اختر اور ان کی تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی ان کے تعاون سے شہر کے لیے کام کریں۔تاجروں نے مطالبہ پیش کیا کہ شہر میں بلا تفریق آپریشن کیا جائے مگر اس سے قبل حدود کا تعین کرتے ہوئے وارننگ دی جائے تا کہ شہری از خود تجاوزات کو ختم کر سکیں۔چیئرمین ظہیر احمد نے تاجروں کی جانب سے پیش کی گئیں تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کسی سیاسی یا دیگر دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا اور میرٹ پر تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام عمل میں مرکزی انجمن تاجراں کے نمائندوں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے گا تا کہ کسی قسم کی بد مزگی سے بچا جا سکے اور اس شہر کو خوبصورت بنانے اور بازاروں کی رونقیں بحال کرنے کے خواب کو عملی صورت دی جا سکے۔بعد ازاں انہوں نے مرکزی انجمن تاجراں کے ہمراہ مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے قائم تجاوزات کا جائزہ بھی لیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر