پوری قوم ملکر دہشتگردوں کا مقابلہ کرئے گی،عبدالرحمن مرزا
گوجرخان (تحصیل رپورٹر) سرور اینڈ شریف حویلی واقع مرزا جی سٹریٹ بڑکی جدید گوجرخان ایک تعزیتی اجلاس زیرصدارت پیپلز لائرز فورم راولپنڈی ڈویژن کے ممتاز رہنما محمد رمضان مرزامنعقد ہوا، جس میں لاہور بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور روحانی تحریک پاکستان کے بانی عبدالرحمان مرزا نے کہا کہ غیروں کی لڑائی گزشتہ دور کے آمر ضیاء الحق نے لڑی تھی جس کا خمیازہ آج دن تک قوم بھگت رہی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی قوم کو زیرکر لیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب مملکت خداداد پاکستان میں امن ہوگا ، سلامتی ہوگی ، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم غربت ، جہالت ، ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے، موجودہ حکمرانوں نے عوام کو سوائے مہنگائی ، غربت ، مفلسی ، بیروگاری کے کچھ نہیں دیا، موجودہ حکمران امن و امان کی صورتحال کو بھی کنٹرول نہیں کرسکے، کیمسٹوں کی ہڑتال نے مریضوں کا جینا دوبھر کر دیاہے، مریضوں کے لواحقین حصول ادویات کیلئے در در دھکے کھارہے ہیں ، کوئی عوام کا پرسان حال نہیں، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، کیمسٹوں کے جائز مطالبات کی ہم تائید وحمایت کرتے ہیں، جعلی ادویہ ساز کمپنیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں اور حکمرانوں نے مطالبہ کرتے ہیں کہ جعلی ادویات تیار کرنے والے کمپنی مالکان کو چوراہوں میں سزائے موت دیں تاکہ علاج معالجے جیسی ایک بنیادی ضرورت کو بھی عوام ملاوٹ سے پاک ادویات خرید سکیں۔ آخر میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس افسران ، ایلیٹ کے افسران ، شہریوں کے درجات کی بلندی کیلئے دُعائے مغفرت کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی گئی، اجلاس میں صوبیدار عبدالمجید ، مبشر طفیل ، عبدالرزاق مرزا، عبداللہ شریف اور روحانی تحریک کے کارکنان نے شرکت کی۔