سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کی مردم شماری میں شامل کیا جائے: احمد شیخانی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر احمد شیخانی نے کہا ہے کہ بسلسلہ روزگار سمندر پار مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو پاکستان کی مردم شماری میں شامل نہ کرنا اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہے۔ ایک طرف تو اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق مانگ رہے ہیں ابھی وہ بھی نہیں ملا جبکہ حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو مردم شماری میں شامل نہ کرکے ان کی دل آزاری کی ہے اور انہیں احساس کمتری میں مبتلا کردیا ہے۔
احمد شیخانی نے کہا کہ اس وقت دنیابھر میں 92 لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں اور ہر ماہ پاکستان کروڑوں بلکہ اربوں کا زرمبادلہ بھجواتے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت چل رہی ہے۔ ایسے میں اوورسیز پاکستانیوں کو مردم شماری سے محروم رکھنا انصاف نہیں ہے۔ اس سے اوورسیز پاکستانیوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔ احمد شیخانی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو مردم شماری میں شامل کیا جائے۔