لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملہ قابل مذمت ،خود کش دھماکے نے پیپلز پارٹی حکومت کی گورننس کا پول کھول دیا ، سندھ کا کوئی پرسان حال نہیں:ثاقب خورشید عالم

لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملہ قابل مذمت ،خود کش دھماکے نے پیپلز پارٹی ...
لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملہ قابل مذمت ،خود کش دھماکے نے پیپلز پارٹی حکومت کی گورننس کا پول کھول دیا ، سندھ کا کوئی پرسان حال نہیں:ثاقب خورشید عالم

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی راہنما اور پیر صاحب آف راجڑ شریف کے سجادہ نشین پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے سیہون شریف میں حضرت عثمان مروندی (رحمہ اللہ ) المعروف لعل شہباز قلندر کے مزار پہ بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی وجہ ناقص سیکیورٹی اور یہ واقعہ سندھ حکومت کی بدترین  کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،درگاہ نورانی پہ زائرین پہ خودکش حملہ سے بھی سندھ حکومت نے کوئی سبق نہ سیکھا ، سندھ کا کوئی پرسان حال نہیں۔

مزید پڑھیں:لعل شہباز قلندر کامزار خون سے لال ، درگاہ پر قیامت صغریٰ کا منظر،خود کش حملے میں 72سے زائد افراد شہید ،250 سے زائد زخمی،کالعدم تنظیم داعش نے ذمہ داری قبول کر لی

تفصیلات کے مطابق پیرزادہ ثاقب خورشید عالم سہون شریف لعل شہباز قلندر کے مزار پو ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے   کہنا تھا کہ  کتنے افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے اپنے حلقہ انتخاب سیہون میں کوئی ہسپتال ہی موجود نہیں اور زخمیوں کو دوسری شہروں میں  لے کر جانا پڑ رہا ہے ،  سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور جابجا گندگی کے ڈھیر ہیں ، امن و امان کی انتہائی ناقص صورتحال ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد  سندھ حکومت سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کی بجائے  اپنی بندر بانٹ میں لگی ہوئی ہے ،  پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ پیسے لے کر نااھل افراد کی سفارشی بھرتیاں کرتی ہے جس کے نتیجہ میں ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا ، سینکڑوں زخمی دہشت گردی کی انتہائی المناک واردات کے بعد مزار کے احاطے میں بے یار و مدد گا ر تڑپ رہے تھے اور سندھ کی ’’گڈ گورننس ‘‘ کا یہ عالم  ہے کہ وہاں پر نہ تو سیکیورٹی کا کوئی معقول انتظام تھا اور نہ ہی حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لئے کوئی موثر حکمت عملی ۔

مزید پڑھیں:قوم پر سکون رہے، پاک فوج قوم کے ساتھ کھڑی ہے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کے بعد ہم سندھ حکومت پر نہ تو الزام تراشی کر رہے ہیں اور نہ ہی یہ موقع ہے لیکن حکومتی بے حسی اور بدترین انتظامی معاملات نے پیپلز پارٹی کا سیاہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور پوری قوم سندھ حکومت کو کوس رہی ہے ۔  پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے مسلم لیگ فنگشنل کے کارکنوں کو سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی ہر ممکن امدا د اور ریسکیو کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کے ساتھ بھی ہر طرح کا تعاون کیا جائے ۔انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو مفت اور بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید پڑھیں:سیہون شریف میں کوئی ہسپتال نہیں، ڈسٹرکٹ ہسپتال 2گھنٹے کی مسافت پر نواب شاہ میں ہے،شہادتیں بڑھنے کا خدشہ

مزید : کراچی