سینیٹ انتخابات، کے پی کے میں پی ٹی آئی اورن لیگ میں اتحاد کیلئے مشاورت
پشاور (ویب ڈیسک) ملک کی سب سے بڑی حریف سیاسی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات کے دوران سیاسی اتحاد کیلئے ابتدائی مشاورت شروع کرتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے رابطہ کرکے سینٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ اور چمک کی روک تھام پر اتفاق کیا ہے ۔
روزنامہ جنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دعوی ٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات انتہائی شفاف ہوں گے اور کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی، تحریک انصاف کے تمام ارکان متحد اور پارٹی کیساتھ وفادار ہیں۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے ماضی اور مرکز میں دونوں جماعتوں کے مابین جاری اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سینٹ انتخابات میں ایک دوسرے کیساتھ ہاتھ ملانے کا غور شروع کردیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلی ٰ پرویز خٹک اور گورنر اقبال ظفر جھگڑا کے درمیان ابتدائی رابطہ ہوا ہے جس میں صوبہ کے دونوں بڑوں نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام اورسیاسی اتحاد کیلئے راہ ہموار کرنے کی غرض سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اخبار کے مطابق تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی دوسری ٹیکنو کریٹ نشست پر تعاون طلب کیا ہے جس کے بدلے تحریک انصاف خواتین کی نشست پرن لیگ کو سپورٹ کرے گی۔ اخبار کے مطابق سیاسی اتحاد پر اتفاق کی صورت میں ن لیگ ٹیکنو کریٹ کی دوسری نشست پر تحریک انصاف کے حامی آزاد امیدوار اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو ووٹ دے گی جس کے بدلے میں تحریک انصاف خواتین کی نشست پر ن لیگ کی امیدوار رئیسہ داﺅد کی حمایت کرے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد سمیت دوسرے آپریشنز پر غور کیلئے جمعرات کے روز پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کے اہم ذمہ داران کا اجلاس گورنر ہاﺅس پشاور میں طلب کیا تھا تاہم عین موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر اقبال ظفر جھگڑا کو اسلام آبادبلالیا جس کے باعث مسلم لیگ ن کی مشاورت نہ ہوسکی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔