زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
میں بیرون ملک جانا چاہتی ہوں
رمشا یٰسین (لاہور)
سوال: میں سافٹ وئیر انجینئرنگ کر رہی ہوں۔ باہر سے ملک جانا چاہتی ہوں مگر نہ تو وسائل ہیں اور نہ ابو اجازت دے رہے ہیں۔ کیا میرا باہر جانا ممکن ہے اور میری شادی کب تک ہو گی؟
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق آپ بیرون ملک سفر کر سکتی ہیں لیکن موجودہ وقت آپ کے لئے بہتر نہیں ہے لہٰذا جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ شادی کے حوالے سے بھی شادی میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔ شریک حیات کا تعلق درس و تدریس یا تعلیمی ادارے سے متعلقہ ہو سکتا ہے۔
نوکری کا سوال ہے
محمد یاسر (فیصل آباد)
سوال: میرے زائچے کا نام بتا دیں اور مجھے نوکری کب ملے گی؟
جواب: ویدک (Astrology) آسٹرولوجی کے مطابق آپ کا طالع پیدائش برجِ حوت ہے۔ حاکمِ سیارہ مشتری ہے، طالع قمری برج اسد ہے اور طالع شمسی آپ کا برج جدی ہے۔ زائچے میں اس وقت مریخ کی مہا دشا چل رہی ہے۔ انشاء اللہ 2018ء کی پہلی سہ ماہی میں آپ کو نوکری مل جائے گی۔ البتہ مطلوبہ معیار سے مطابقت رکھنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ لہٰذا جب نوکری ملے، تو جواب نہ دیں اور نوکری جوائن کر لیں۔
دوسری شادی کا کتنا امکان ہے ؟
ظفر اقبال (راولپنڈی)
سوال: گزشتہ پانچ سال سے حالات بہت سنگین ہیں بیوی، بچوں کی طرف سے پریشانی ہے اور کاروبار بھی رکا ہوا ہے۔ دوسری شادی کرنا چاہتا ہوں، کیا یہ بہتر ہو گی؟
جواب: آپ کے زائچے کے مطابق آپ اس وقت سیارہ زہرہ کی مہا دشا سے گزر رہے ہیں۔ یہ دور 29- 8- 25 تک چلے گا۔ اور زہرہ آپ کے زائچے میں حالت ہبوط میں ہے جس کی وجہ سے آپ کو عورت یا صنف مخالف سے متعلقہ معاملہ میں پریشانیاں آئیں گی۔ جنس مخالف سے فریب اور مالی نقصانات بھی متواقع ہیں کیونکہ سیارہ زہرہ آپ کے خانہِ مال میں بیٹھا ہے۔ لہٰذا جب تک اس کی دشا چل رہی ہے خصوصی محتاط رہیں لوحِ زہرہ بنوا کر پاس رکھیں اور صبح و شام یا غنی کا ورد 313 مرتبہ کریں۔ جمعہ کے دن شکر یا سفید چینی کا صدقہ کریں۔ کسی غریب بیوہ کو سفید چادر لے دیں یا کسی چھوٹی بچی کو مٹھائی، کھلونے اور کپڑے لے کر دیں۔ یہ عمل آپ نے جمعہ کے دن کرنا ہے۔
بیرون ملک جانا پڑے گا
عارفہ عباس (حیدر آباد)
سوال: میری شادی کا امکان کب تک ہے اور کیا پسند کی ہو سکتی ہے؟ میرا کمیشن کا کاروبار ہے، اس میں بہتری کب تک آئے گی؟
جواب: شادی کے حوالے سے آپ کا زائچہ کمزور ہے۔ مزید اس وقت آپ زحل کی نحوست کا شکار ہیں۔ ساتویں گھر کا حاکم اپنے حبوطی گھر میں ہے ۔ہو سکتا ہے کہ شادی کے لئے آپ کو بیرون ملک جانا پڑے۔ یا شریک حیات کا تعلق یا کام بیرون ملک میں ہو۔ لیکن شادی سے پہلے اپنا موازنی زائچہ بنوا لیجئے گا۔ تاکہ مستقبل کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ کمیشن کے کاروبار میں ترقی کے لئے اپنا مبارک نگینہ نیلم پہنیں۔ اور لوح مشتری بنوا کر پاس رکھیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
این ٹی ایس کا امتحان کب پاس کروں گا؟
علی عباس (جھنگ)
سوال: مجھ سے NTS میں پاس نہیں ہو پاتا ہوں، کب پاس ہوں گا اور نوکری کب ملے گی؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق 2018 میں انشاء اللہ اپنے تعلیمی مقاصد میں کامیاب ہو سکیں گے۔ آپ کے لئے ضروری ہے کہ جنسِ مخالف کے معاملات میں محتاط رہیں۔ اور اپنی زندگی شریعت محمدی کے مطابق گزاریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
بیٹی کی دوسری شادی کب ہوگی؟
خلیل (پشاور)
سوال: 2011ء میں میری بیٹی کی شادی ہوئی اور جون 2014ء میں اس کے خاوند کی وفات ہو گی۔ اس کی دوسری شادی ہو گی یا نہیں اور کب ہو گی اور کیسی رہے گی؟
جواب: آپ کے زائچے کے مطابق شادی اور ازداجی حوالے سے زائچے میں مشکلات ہیں۔ زائچے میں اس وقت زہرہ کی دشا چل رہی ہے۔ اور انتردشا قمر کی چل رہی ہے۔ یہ دور (26-07-2018) سے چلے گا۔ اس کے بعد مریخ کی انتر دشا چلے گی جو کہ 26-09-2019 تک چلے گی۔ اس دور میں آپ کو ازدواجی معاملات میں آسانی ہو گی لیکن شادی سے پہلے ہونے والے شریک حیات کا موازنی زائچہ بنوا لیجئے گا تاکہ آئندہ کی مشکلات سے بچا جا سکے۔
کسی کام میں دل کیوں نہیں لگتا؟
نصیر (وہاڑی)
سوال: گزشتہ 7 سات سال سے کمپیوٹر کی فیلڈ میں ہوں۔ کسی کام میں دل نہیں لگتا۔ حتیٰ کہ اپنی جاب میں بھی نہیں، اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہوں لیکن پیسہ نہیں ہے اور نہ سمجھ آتی کہ کیا کام شروع کروں۔ برائے مہربانی زائچہ بنا کر کچھ واضح کر دیں۔
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق آپ کے زائچے میں عطارد کی مہا دشا چل رہی ہے اور عطارد غروب بیٹھا ہے جس کی وجہ سے طبیعت میں بے چینی اور انتشاری کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ اور کام میں دل نہیں لگتا۔ آپ بدھ کے روز سبز رنگ کی چیزوں کا صدقہ کیا کریں۔ سبز مونگ کی دال بہتے پانی میں بہا دیں۔ سبز رنگ کے پرندوں کو آزاد کروائیں۔
۔۔۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )