امریکہ میں جاری شٹ ڈاؤن ختم ، صدر ٹرمپ نے نہ چاہتے ہوئے بھی کانگریس کے منظور کردہ 7بلوں پر دستخط کر دئیے

امریکہ میں جاری شٹ ڈاؤن ختم ، صدر ٹرمپ نے نہ چاہتے ہوئے بھی کانگریس کے منظور ...

واشنگٹن(اظہر زمان ، خصوصی رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے رواں مالی سال کے باقی ماندہ بجٹ کے بقایا تمام سات بلوں پر دستخط کردیئے ۔ قبل ازیں کانگریس کے دونوں ایوانوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے مشترکہ مفاہمتی بلوں پر اتفاق رائے کرکے منظو ر کرلیا تھا جن میں جنوبیّ سرحد پر صدر ٹرمپ کے مطالبے کے مطابق دیوار تعمیر کرنے کیلئے پانچ ارب سترڈالر کا فنڈ شامل نہیں تھا۔ صدر ٹرمپ نے 35دن کے ریکارڈ جزوی شٹ ڈاؤن کے بعد دوبارہ شٹ ڈاؤن سے بچنے کیلئے بلوں کے اس پیکیج پر دستخط کئے ہیں، جس پر وہ خوش نہیں ، وائٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے صدر ٹرمپ ہنگامی حالت کا اعلان کرکے اپنے انتظامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے آٹھ ارب ڈا لر دیوار کیلئے حاصل کرلیں گے اس دوران ڈیموکرئیک سپیکر ننیسی پلوسی نے اعلان کیا ہے وہ صدر ٹرمپ کے ہنگامی حالت کے نفاذ کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گی، تاہم ان سات بلوں میں ہوم لینڈ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کاجوبجٹ شامل ہے اس کے تحت دیوار کیلئے فنڈ فراہم کر نے کی بجائے اس سرحد پر 55میل لمبی باڑ لگانے کیلئے ایک ارب 37کروڑ ڈالر کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ یکم اکتوبر 2018ء سے پہلے ہی رواں مالی سال کے بجٹ کے پانچ بل منظور کرلئے گئے تھے جن میں توانائی اور پانی، قانون سازی کی برانچ، تعمیر اور ویٹرن، افیئرز، دفاع ، لیبر، صحت ہیومن سروسز، تعلیم کے محکمے شامل تھے ۔ اس دوران باقی سات بلوں کا پیکیج میکیسکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کیلئے صدر ٹرمپ کے مطا لبے پر کانگریس کی رضا مندی نہ ہونے کے سبب تعطل کا شکار رہا۔ صرف عبوری قرار داروں کے ذریعے ان محکموں کو چلانے کیلئے عبوری فنڈ مختصر مدت کیلئے ملتا رہا اور مدت ختم ہونے کی صورت میں ان محکموں کا شٹ ڈاؤن ہوتا رہا ہے۔ ایک عبوری قرار داد کی مہلت جمعہ کی رات کو ختم ہورہی ہے جس سے پہلے بجٹ منظوز نہ ہو ا یا عبوری فنڈ نہ ملے تو پھرشٹ ڈاؤن ہوسکتاہے۔ لیکن صدر ٹرمپ نے اس الزام سے بچنے کیلئے ان بلوں پر دستخط کردیئے ہیں۔ باقی ماندہ سات بل منظور کرکے کانگریس نے موجودہ مالی سال کا بجٹ مکمل کرلیا ہے۔ جس پر صدر ٹر مپ نے ناراضگی کے باوجود دستخط کردیئے ہیں۔ ان سات بلوں کے ذریعے جن محکموں کابجٹ منظور ہوا ہے ان میں ہوم لینڈ سکیورٹی ، ز ر ا عت، دیہی ترقی، فوڈ اینڈ ، ڈرگ ایڈمنسٹریشن، تجارت ، انصاف، سائنس ، خزانہ، عدلیہ، داخلہ امور، ماحولیات ، ٹرانسپورٹ ،ہاؤسنگ، امور خارجہ ، یوایس ایڈ اور بیرونی امداد کے شعبے شامل ہیں۔

شٹ ڈاؤن ختم

مزید : علاقائی


loading...