شہباز شریف رہا ، لاہور پہنچ گئے گھر کو دیاگیا سب جیل کا درجہ ختم

شہباز شریف رہا ، لاہور پہنچ گئے گھر کو دیاگیا سب جیل کا درجہ ختم

اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اسلام آباد سب جیل سے رہا کر دیا گیا جس کے بعد لاہور پہنچ گئے۔ایکسپریس کے مطابق سابق وزیر اعلی میاں شہباز شریف کی رہائی سے متعلق تمام دستاویزات مکمل ہوگئیں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شاہد ریاض رہائی کے احکاما ت لے کر اسلام آباد گئے جس کے بعد شہباز شریف کو اسلام آباد سب جیل سے رہا کردیا گیا۔شہباز شریف پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 385 کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ پہنچے جہاں رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا شہبازشریف ایک دو روز میں ایم پی ایز اور پارٹی ورکرز سے ملاقات کریں گے اور کل رائے ونڈ جاتی امراء میں اپنی والدہ سے ملاقات کریں گے۔ رہائی کیساتھ ہی منسٹر کالونی میں شہباز شریف کے گھر کو دیا گیا سب جیل کا درجہ ختم ہوگیا۔یاد رہے گزشتہ روزلاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز کیسز میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوراً رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج سید نعیم الحسن بخاری نے آشیانہ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر ایک ایک کروڑ کے ضمانت نامے داخل ہونے پر ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے۔احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں میاں شہباز شریف کی روبکار جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھجوادی۔احتساب عدالت میں میاں شہباز شریف کے ضمانت نامے رانا مبشر اور چودھری رضوان نے جمع کرائے ہیں، مچلکوں پر تصدیق محمد جاوید اور عبدالجبار نے کی ،میاں شہباز شریف کی ضمانت ایک روز قبل عدالت عالیہ منظور کرتے ہوے مذکورہ بالا مچلکے ماتحت عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا،واضح رہے کہ میاں شہباز شریف کو عدالت آشیانہ کیس میں 18فروری کو فرد جرم کے لیے طلب کر رکھا ہے۔دریں اثنا محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورمعززسعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں،ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے، پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔ ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کیلئے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاشی پیکیج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کیلئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس معاشی پیکیج پرسعودی عرب کیساتھ معاملات طے پائے تھے جس کا ثمر الحمد اللہ آج پاکستان کو مل رہا ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مکہ اور مدینہ شریف کے مقدس مقامات سعودی عرب کو ہر مسلمان کیلئے خاص بناتے ہیں،حجاز مقدس کے حوالے سے ہر مسلمان بالخصوص پاکستانی اپنے دل میں سعودی عرب کا خصوصی احترام اور الفت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا،پاکستان پر پابندیاں لگائیں گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...