بھارت بلاجواز الزام تراشی سے اجتناب کرے، شاہ محمودقریشی

بھارت بلاجواز الزام تراشی سے اجتناب کرے، شاہ محمودقریشی

میونخ (این این آئی؍ آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا، امریکی صدر ٹرمپ نے ہماری کاوشوں کو سراہا ہے، آج پوری دنیا ہمارے نقطہ نظر کی حمایت اور تائید کر رہی ہے ۔میونخ میں عالمی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات سے نکالا جائے خوشی ہے کہ ہماری بات تسلیم کی گئی ،ہم مذاکرات کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ افغانستان میں امن پاکستان کے وسیع ترمفاد میں ہے افغانستان اور امریکہ کے دوستوں کی ہم سے توقعات تھیں اور وہ یہ کہ پاکستان افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا ہم طالبان کو مذاکرات کی میز پر لائے، ابھی بہت سے کام باقی ہے لیکن پیش رفت ہو رہی ہے ، زلمے خلیل زاد اور صدر ٹرمپ نے ہماری کاوشوں کو تسلیم کیا ،ہم مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے پر امید ہیں ،انہوں نے کہا کہ آج دنیا ہمارے نقطہ نظر کی حمایت اور تائیدکر رہی ہے۔دریں اثناء جمعہ کو وزیر خارجہ نے میونخ میں جرمن اخبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں ، بھارت کو پاکستان پر بلا جواز الزامات لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے، پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا حامی رہا ہے ، افغانستان میں امن کا قیام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے،پاکستان نے افغان امن عمل میں اپنا حتی المقدور کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہاکہ میونخ میں منعقدہ عالمی سیکورٹی کانفرنس ،ایک بہت اہم عالمی فورم ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دنیا بھر سے وزرائے خارجہ، دفاع اور سیکورٹی ماہرین ایک جگہ اکٹھے ہوئے ہیں اور اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے اور باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں مدد ملے گی جس سے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کرنے میں بہت معاونت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا حامی رہا ہے ۔ افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اپنا حتی المقدور کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو تقویت مل رہی ہے ۔ پلوانہ جموں و کشمیر میں ہونے والے خودکش حملے اور بھارتی الزامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم شروع دن سے ہندوستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں رہے ہیں اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بیان بھی ریکارڈ پر ہے۔ہندوستان کو بھی پاکستان پر بلا جواز الزامات لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

مزید : صفحہ اول


loading...