وفاقی ٹیکس محتسب ٹیکس گزاروں کی شکایات کے ازالے کیلئے موثرفورم ،فیض محمد
پشاور(یواین پی )سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فیض محمد فیضی نے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کو حقیقی معنوں میں ٹیکس گزاروں کی شکایات کے ازالے اور انہیں انصاف دلانے کے لئے موثر ترین فورم قرار دیا ہے اوربزنس کمیونٹی سے کہا ہے کہ وہ انکم ٹیکس ، کسٹمز ، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز سے متعلقہ مسائل سمیت ایف بی آر کے ماتحت ٹیکس محکموں کی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خلاف ایف ٹی او ادارہ کی خدمات حاصل کریں اور اپنی شکایات اس ادارہ تک پہنچائیں تاکہ انہیں فوری اور موثر ریلیف مل سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب عبدالودودکے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدرحارث مفتی اور ایگزیکٹو ممبر نثاراللہ سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد اور ایف ٹی او آفس کے حکام بھی موجود تھے ۔سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی نے بزنس کمیونٹی کیلئے ایف ٹی او ادارہ کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں اور فوری انصاف کے حصول کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ٹیکس گزاروں کی شکایات پر آزادانہ تحقیقات کرکے ایف بی آر کو 60 دن کے اندر ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دینا اس ادارے کی خاصیت ہے جس سے بزنس کمیونٹی کو ریلیف بھی مل رہا ہے ۔انہوں نے سرحد چیمبر اور صوبائی ٹیکس محتسب ادارہ کے مابین قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے بہت سی مشکلات سے دوچار ہے اس لئے ایف ٹی او کا ادارہ اس صوبہ کی بزنس کمیونٹی کوخصوصی اہمیت دے اور ٹیکسوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب کے قوانین اور رولز کو مزید بزنس فرینڈلی بنانے اور انہیں انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق از سرنو مرتب کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیا۔