سعودی کراؤن پرنس کا دورہ تجارتی حوالے سے خوش آئند ‘ لاہور چیمبر

سعودی کراؤن پرنس کا دورہ تجارتی حوالے سے خوش آئند ‘ لاہور چیمبر

لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان کے تاریخی دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے مابین دوستانہ، تجارتی اور معاشی تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور اب سعودی کراؤن پرنس کا تاریخی دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ متوقع طور پر دونوں ممالک کے درمیان پاور پلانٹس، آئل ریفائنری، پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے قیام سمیت تقریبا پندرہ ارب ڈالر حجم کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جس سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی، معاشی نشوونما ہوگی بلکہ حکومتی محاصل اور روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے جن معاہدوں پر دستخط ہوں ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس میں کمی کا بھی خیر مقدم کیا۔

مزید : کامرس


loading...