ترکی کا ٖغیر قانونی مقیم پاکستانیوں کیخلاف فوری اقدامات کا مطالبہ ، سیکریٹری خارجہ وزارت داخلہ کو خط
اسلام آباد (این این آئی)ترکی نے حکومت پاکستان سے غیر قانونی تارکین وطن پاکستانی شہریوں کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن پاکستانی شہریوں کے سنگین مسئلے کو ترک حکومت ہنگامی بنیادوں پرحل کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں ترکی نے پاکستان حکومت سے غیر قانونی تارکین وطن پاکستانی شہریوں کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا جس کے بعد سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بیرون ملک غیر قانونی ہجرت کیخلاف سخت اقدامات کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔خط کی کاپی وزیر اعظم کو بھی ارسال کر دی گئی۔ دستاویز ات میں کہاگیا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان ترکی میں غیر قانونی تارکین کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ترک اداروں کے مطابق افغانستان کے بعد پاکستان دوسرا بڑا ملک ہے جس کے پچاس ہزار سے زائد شہری غیر قانونی طور پر ترکی میں موجود ہیں ترکی کی جیلیں غیر قانونی تارکین وطن سے بھر چکی ہیں۔دستاویزات کے مطابق وزارت داخلہ فوری طور پر ایف آئی اے اور نادرا کی ٹیمیں ترکی بھیجے تاکہ ترکی میں قید غیر قانونی تارکین کو ملک واپس لایا جائے۔
ترکی ،تارکین وطن