دو مچلکے جمع، شہباز شریف کی رہائی کیلئے روبکا جیل سپر نٹنڈنٹ کو مل گئی

دو مچلکے جمع، شہباز شریف کی رہائی کیلئے روبکا جیل سپر نٹنڈنٹ کو مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج سید نعیم الحسن بخاری نے آشیانہ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر ایک ایک کروڑ کے ضمانت نامے داخل ہونے پر ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے۔احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں میاں شہباز شریف کی روبکار جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھجوادی۔احتساب عدالت میں میاں شہباز شریف کے ضمانت نامے رانا مبشر اور چودھری رضوان نے جمع کرائے ہیں، مچلکوں پر تصدیق محمد جاوید اور عبدالجبار نے کی ،میاں شہباز شریف کی ضمانت ایک روز قبل عدالت عالیہ منظور کرتے ہوے مذکورہ بالا مچلکے ماتحت عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا،واضح رہے کہ میاں شہباز شریف کو عدالت آشیانہ کیس میں 18فروری کو فرد جرم کے لیے طلب کر رکھا ہے۔دریں اثنا محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورمعززسعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں،ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے، پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔ ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کیلئے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاشی پیکیج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کیلئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس معاشی پیکیج پرسعودی عرب کیساتھ معاملات طے پائے تھے جس کا ثمر الحمد اللہ آج پاکستان کو مل رہا ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مکہ اور مدینہ شریف کے مقدس مقامات سعودی عرب کو ہر مسلمان کیلئے خاص بناتے ہیں،حجاز مقدس کے حوالے سے ہر مسلمان بالخصوص پاکستانی اپنے دل میں سعودی عرب کا خصوصی احترام اور الفت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا،پاکستان پر پابندیاں لگائیں گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -