سندھ بھرمیں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد سمیت سندھ بھر کے ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آج چوتھے روز بھی جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کیلئے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے صوبے کے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہسپتال میں داخل مریضوں اور آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، علاج ومعالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے سب مریض نجی ہسپتالوں میں جانے پرمجبور ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں کے برابر تنخواہ اور مراعات ملنے تک او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہیں گے۔وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹرعمرسلطان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا لہذا جب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا بائیکاٹ جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر دادو میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے دوران مریضہ دم توڑ گئی تھی۔ ورثا کے احتجاج پر ڈاکٹر نے عملے کے ساتھ مل کر تشدد کیا تھا۔مریضہ وزیراں میمن کے لواحقین نے الزام لگایا تھا کہ چار گھنٹے تک ماں تڑپتی رہی مگر ڈاکٹروں نے علاج نہ کیا۔