سندھ بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا چوتھا روز، سرکاری ہسپتالوں میں کام بند
کراچی (ویب ڈیسک)کراچی سمیت سندھ بھر میں چوتھے روز بھی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال اور احتجاج جاری ہے۔تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال اور احتجاج چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے۔
کراچی کے سول، جناح اور این آئی سی ایچ سمیت مختلف ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور وارڈز میں کام بند ہے جس کے باعث علاج و معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مریض نجی ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ٹھٹھہ اور جیکب آباد سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں کام بند ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی نوٹی فکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔