شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ کے شاگرد اور تبلیغی جماعت کے معروف بزرگ مولانا محمد یعقوب سہارنپوری انتقال کرگئے
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے شاگردِ رشید ،عالمی تبلیغی جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن،ممتاز جید عالم دین اور ہندوستان کے معروف تبلیغی مرکز بستی نظام الدین اولیاءدہلی، بنگلہ والی مسجد میں قائم دینی مدرسہ کاشف العلوم کے شیخ الحدیث مولانا محمد یعقوب سہارنپوری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے (انا للہ و ان الیہ راجعون)۔
تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کی ممتاز روحانی شخصیت اور مدرسہ کاشف العلوم مرکز نظام الدین اولیاؒ کے استاذ الحدیث مولانا محمد یعقوب سہارنپوری طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔مولانا محمد یعقوب سہارنپوریؒ شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے شاگردِ رشید اور عالمی تبلیغی جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن بھی تھے ۔مولانا محمد یعقوب سہارنپوریؒ مدرسہ کاشف العلوم میں 50 سال سے زائد عرصہ تک درس و تدریس کے فرائض سر ا نجام دیتے رہے۔مولانا محمد یعقوبؒ سہارنپوریؒ کا شمار فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہیؒ،مولانا محمد یوسفؒ،مولانا انعام الحسنؒ،حاجی عبد الوہابؒ،مولانا سیّد سلمان حسینی ندوی،مولانا سید محمد سلمان سہارنپوری،مولانا زبیر الحسن کاندھلویؒ، مولانا افتخار الحسن (خلیفہ مجاز حضرت شاہ عبدالقادر رائے پوری) کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا تھا ۔انہوں نے اپنی ساری زندگی دعوت و تبلیغ میں گذاری جبکہ دنیا بھر میں ان کے ہزاروں شاگرد بھی اسلام کی نشر و اشاعت میں مصروف عمل ہیں ۔حضرت مولانا محمد یعقوب سہارنپوریؒ کے انتقال کی خبر پورے ہندوستان سمیت پاکستان میں بھی بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے ،ان کی نماز جنازہ کے بارے میں تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم یقینی بات ہے کہ ان کی نماز جنازہ اتوار کے روز ہی ادا کی جائے گی ۔