سعودی طیارے کی تباہی کے بعداتحادی فورسز کی بمباری،بڑی تعدادمیں ہلاکتیں

سعودی طیارے کی تباہی کے بعداتحادی فورسز کی بمباری،بڑی تعدادمیں ہلاکتیں
سعودی طیارے کی تباہی کے بعداتحادی فورسز کی بمباری،بڑی تعدادمیں ہلاکتیں

  



دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں لڑنے والی عرب اتحادی فورسز نے یمن میں بمباری کی ہے جس سے تیس سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز نے یمن کے صوبہ الجاف کے علاقہ الحیجہ پر پر بمباری کی جس میں اکتیس عام شہری ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ صوبہ الجاف کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں پر بمباری کی یہ اطلاعات سعودی عرب کے ایک جنگی طیارے کی تباہی کے بعد سامنے آئی ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی قیادت والے عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کا ایک جنگی طیارہ یمنی صوبہ الجاف میں تباہ ہوا ہے اور اس حوالے سے تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طیارے میں موجود دونوں پائلٹ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے مگر حوثیوں نے انہیں گولیاں ماردیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے طبی مشن کا کہنا ہے کہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو صنعا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب ممالک کے اتحادنے 2015سے یمن میں موجود ایران نواز حوثی باغیوں کیخلاف جنگ شروع کررکھی ہے جس میں اب تک ہزاروں عام شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی /عرب دنیا