شادی بیاہ کی خوشیوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار

    شادی بیاہ کی خوشیوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ضلع بھر میں شادی بیاہ کی خوشیوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 32 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور آتش بازی کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور عباس احسن کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی کی نگرانی میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ضلع بھر میں شادی بیاہ کی خوشی میں بے دریغ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مختلف تھانوں کی حدود میں کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ میں ملوث 32 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ بڈھ بیر، تھانہ آغا میر جانی شاہ، تھانہ خزانہ، تھانہ چمکنی، تھانہ گلبرگ، تھانہ متھرا، تھانہ داودزئی، تھانہ پشتخرہ، تھانہ انقلاب، تھانہ تہکال، تھانہ متنی اور تھانہ سربند کی حدود میں ٹوٹل 32 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار تمام افراد نے ابتدائی تفتیش کے دوران شادی کی تقاریب میں ہوائی فائرنگ کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ 12 عدد پستول، 1 عدد کلاشنکوف اور آتش بازی کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔