بیمار مرغیوں اور مضر صحت مصالحوں کی فروخت پر 22 افراد گرفتار

بیمار مرغیوں اور مضر صحت مصالحوں کی فروخت پر 22 افراد گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے لاغر مرغیوں اور اور مضر صحت مصالحوں کی فروخت پر 22 افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے ناصر باغ‘ بڈھ بیر اور حیات آباد میں مختلف چکن زونز میں چیکنگ کی اور جنرل سٹورز کے دورے کئے جہاں پر دکاندار سڑک کنارے سٹالز پر بغیر چلر کے سٹالز پر کم عمر اور لاغر مرغیوں کے پارٹس فروخت کر رہے تھے جبکہ دکانوں میں غیر معیاری مصالحہ جات کی خرید و فروخت بھی کی جاتی تھی جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سامان کو قبضے میں لے لیا اور 22 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان حفظان صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری اشیاء مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش کے نام پر زہر فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک  کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں اور غیر معیاری ا شیاء کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔