آزاد کشمیر میں وومن فٹبال ٹورنامنٹ کروائیں گے، سردار یعقوب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مارٹا وومن فٹبال کلب نے مشہور فیفا میچ ایجنٹ ایلن چونگا (Ellen Chiwenga) سے منسوب ٹی شرٹ لانچ کردی۔ تقریب کی رونمائی مقامی گراؤنڈ میں کی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایف سی کے بانی و صدر رئیس خان نے آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان کو ٹی شرٹ پیش کی۔ اس موقع پر رئیس خان نے سابق صدر ووزیر اعظم کو کلب کے قیام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ رئیس خان نے کہا کہ کلب 2011 میں قائم کیا گیا اور تواتر کے ساتھ وومن فٹبال کے ایونٹس منعقد کرتے رہے اور جلد ہی ایک میگا ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔ سردار محمد یعقوب خان نے مارٹا وومن فٹبال کلب کے بانی وصدر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت فٹبال کے فروغ کیلئے کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر میں خواتین میں فٹبال کھیل سے لگاؤ بڑھ رہا ہے جس سے صحت مند ایکٹی ویٹی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ آباد ہونے سے اسپتال ویران ہوجاتے ہیں۔ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں ضروری ہیں۔ گراس روڈ لیول اسکول اور کالج کی سطح پر فٹبال کی ترقی کیلئے منظم انداز میں جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ سردار محمد یعقوب خان نے رئیس خان کو آزاد جموں و کشمیر میں وومن فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں دعوت دی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔