جنرل کے آؤٹ ڈور میں دماغ کے مریضوں کیلئے 7 کمرے مختص

جنرل کے آؤٹ ڈور میں دماغ کے مریضوں کیلئے 7 کمرے مختص

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ آؤٹ ڈور نیورالوجی اور نیورو سرجری میں مریضوں کے لئے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے 7کمرے مختص کر دئیے گئے ہیں جہاں ڈاکٹرز موجود ہوں گے اور مریضوں کو انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آؤٹ ڈور میں آنے والے دماغی امراض کے مریض پہلے ہی کرب اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں۔
 اور ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں شعبہ بیرونی مریضاں میں فوری طور پر چیک اپ کی سہولت دی جائے اسی لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ شعبہ آؤٹ ڈور میں خواتین اور مرد مریضوں کے لئے کاؤنٹر پرپرچی الگ الگ بنے گی جبکہ مریضوں کی انتظار گاہ میں کرسیوں کی مزید فراہمی کے علاوہ ٹیلی ویژن بھی نصب کر دیا گیا۔اس موقع پر اے ایم ایس پی آئی این ایس ڈاکٹر حافظ سلمان شاہد بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں روزانہ نیورو سرجری اور نیورالوجی کے علاج کے لئے بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں جہاں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے شب و روز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ ڈور میں سہولیات بڑھانے سے مریضوں کو بہتر سے بہتر ماحول فراہم ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں کا بلڈ پریشر چیک کرنے اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے لئے نرسنگ کاؤنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے جس سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز جو اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے کا معیار مزید بلند کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہسپتال میں صفائی اور نظم و ضبط کے قیام میں انتظامیہ کی مدد کریں اور روزانہ کے معاملات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ڈاکٹر زاور پیرا میڈیکل سٹاف زیادہ بہتر انداز میں اپنی خدمات سر انجام دے سکیں۔