سردار سکندر حیات خان کی مسلم کانفرنس میں شمولیت خوش آئند ہے،خادم جرال

سردار سکندر حیات خان کی مسلم کانفرنس میں شمولیت خوش آئند ہے،خادم جرال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (نمائندہ خصوصی)انجمن تحفظِ حقوقِ مہاجرینِ جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل مرزا خادم حسین جرال نے سردار سکندر حیات خان سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی مسلم کانفرنس میں شمولیت کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان اور صدر مرزا محمد شفیق جرال اور دیگر رہنماؤں کو دلی مبارک دی۔ 
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی معتبر سیاسی شخصیات اور مسلم کانفرنس کے دیرینہ سینئر قائد سردار سکندر حیات خان کو پارٹی میں دوبارہ شامل کرنا نہایت احسن اقدام ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مہاجرین شدت سے ایسا محسوس کر رہے ہیں کہ انہیں حکومت، مسلم کانفرنس و دیگر سیاسی جماعتیں نظرانداز کر رہی ہیں۔ انہوں نے اصرار کیا کہ کشمیری مہاجرین پر خصوصی توجہ دی جائے، چوں کہ وہ ریاستِ جموں و کشمیر کا بنیادی جزو ہیں۔ مرزا خادم حسین جرال نے سردار سکندر حیات خان کو مسلم کانفرنس کا سپریم ہیڈ بنانے کے فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے دیرینہ ساتھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تجربہ کار قیادت کی شمولیت سے نہ صرف آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس آیندہ انتخابات میں برسرِ اقتدار آئے گی، بل کہ تحریکِ آزادیِ کشمیر کو بھی تقویت ملے گی۔