سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس آج سے شروع

 سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس آج سے شروع

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تیرہویں سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس کا آغاز آج منگل 16 فروری 2021ء سے ہو رہا ہے۔ اس کانفرنس میں کارکنان تحریک پاکستان،اندرون و بیرون ملک سے نظریہ پاکستان فورمز کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کے نمائندہ وفود بالخصوص اساتذہ کرام اور طلبا وطالبات شرکت کریں گے۔ 

تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی زیر صدارت قومی یکجہتی کی مظہر یہ کانفرنس 18فروری 2021ء تک جاری رہے گی۔ اس کانفرنس کا کلیدی موضوع ”ہماری منزل۔ پاکستان کا تابناک مستقبل“ہے۔ کانفرنس کی افتتاحی نشست آج منگل 16فروری کو ایوان قائداعظمؒ، جوہر ٹاؤن لاہور میں 09:30 بجے صبح منعقد ہوگی جس میں محمد رفیق تارڑ کارکنانِ تحریکِ پاکستان کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کریں گے۔ کانفرنس کی دوسری نشست کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقتدر شخصیات خطاب کریں گی، مہمان خاص صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری ہوں گے۔ کانفرنس کے پہلے دن دو بجے دوپہر منعقدہ تیسری  نشست بعنوان ”نظریہ پاکستان۔بھارت میں ہندوتوا کے غلبے کے تناظر میں“ کے مہمان خاص سجادہ نشین آستانہ عالیہ سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی ہوں گے۔ کانفرنس کے دوسرے دن بدھ 17 فروری کو ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں 09:30 بجے صبح منعقدہ چوتھی نشست کے دوران ممتازسیاسی وسماجی رہنما اوراہل علم ودانش خطاب کریں گے۔پانچویں نشست میں 14 مختلف موضوعات پر گروہی مباحثے منعقد ہوں گے اور شرکاء اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ کانفرنس کے تیسرے دن جمعرات18فروری کو کو ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں ساڑھے نو بجے صبح منعقدہ چھٹی نشست سے ممتاز دانشور اور ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔ اختتامی نشست کی صدارت سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کریں گے جبکہ مہمان خاص گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ہوں گے۔ اس نشست میں گروہی مباحثوں کی سفارشات اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔آخر میں کانفرنس کا اعلامیہ اور شرکائے کانفرنس کی منظوری کیلئے قراردادیں پیش کی جائیں گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -