بابر علی فاؤنڈیشن کا جی سی یونیورسٹی کو سکالر شپ کیلئے 50 لاکھ کا عطیہ
لاہور(سٹی رپورٹر) اقبال زیڈ احمد، صد ر جی سی یونیورسٹی انڈوومنٹ ٹرسٹ اور میاں مصباح الرحمن، کنوینر فنانس، ایگزیکٹو کمیٹی آف انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ، جی سی یو نیورسٹی لاہور نے بابر علی فاؤنڈیشن کی جانب سے جی سی یونیورسٹی لاہور کے پانچ طالب علموں کو سکالر شپس کیلئے 50لاکھ روپے کے عطیہ پر شکریہ ادا کیا۔یہ سکالر شپس عظیم ماہرانِ تعلیم اور ادبی شخصیات، مثلا تقسیم ِ ہند سے قبل گورنمنٹ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نذیر احمد، سفیر اور مزاح نگار سید احمد شاہ، ممتاز شاعر صوفی غلام مصطفی تبسم، مصنف اور سرکاری افسرسید عابد علی اور گورنمنٹ کالج کے ایک ا ور سابق پرنسپل، جی ڈی سوندھی جیسی شخصیات کے ناموں سے منسوب ہیں جن پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو فخر ہے۔ٹرسٹ کے ممبران احمد اور رحمن نے مشہور اولڈ راوین سید بابر علی کا چیئر مین پیکجز گروپ کا بابر علی فاؤنڈیشن کی جانب سے فراخدلانہ عطیہ پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروفیسر خالد منظور بٹ، سیکرٹری آف ایگزیکٹو کمیٹی آف انڈوومنٹ ٹرسٹ، جی سی یونیورسٹی کی فنڈز اکٹھے کرنے کے لئے مخلصانہ اور انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔