اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں شکست کے آثار نظر آنا شروع ہو گئے: فردوس عاشق

  اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں شکست کے آثار نظر آنا شروع ہو گئے: فردوس عاشق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بیانیے کی سیاسی موت بھی واضح دکھائی دے رہی ہے، ان کو سینیٹ میں بھی شکست کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے۔پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مارچ قریب آرہا ہے، شاہی خاندان کا وطیرہ رہا ہے باہر جانے کے لیے کوئی سہارا لیا جائے، یہ اسی سوچ کی عکاسی لگ رہی ہے جو کہتے تھے جینا مرنا پاکستان میں ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب مریم نواز سرجری کا سہارا لے کر بیرون ملک جانے کا جواز تلاش کررہی ہیں، کرپشن کے کینسر سے نجات کے لیے ایک ہی سرجن ہے جن کا نام عمران خان ہے، کرپشن کی سرجری ہے تو وہ پاکستان میں عمران خان کے ہاتھوں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امید کرتی ہوں اس کے لیے ظل سبحانی کی جعلی رپورٹس نہیں آئیں گی، امید ہے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سرجری پاکستان میں کرائیں گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے تو یہ پتا چلنا چاہیے کہ دماغ کی سرجری ہے یا آنکھوں کی، شاید ان کو عوام نظر نہیں آئے اس لیے آنکھوں کی سرجری کرانا چاہتی ہیں۔ ڈاکٹرفردوس اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کررہے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ماڑی، کوہ سلیمان اور چولستان میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔سیاحت کے فروغ سے علاقے کی قسمت بدلے گی اور مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سائٹ سیٹنگ بس سروس اور چولستان جیپ و بائیک ریلی سے سیاحتی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔فردوس عاشق اعوان لاچار پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ٹولہ یونہی دربدر ٹکریں مارتا رہے گا لیکن ہم عوامی خدمت و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔
فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -