نوجوانوں کو جلد ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع میسر آئیں گے: تیمور سلیم جھگڑا 

  نوجوانوں کو جلد ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع میسر آئیں گے: تیمور سلیم جھگڑا 

  

 پشاور(نیوزرپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے امید ظاہر کی ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو جلد ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع میسر آنے والے ہیں۔ امریکی آئی ٹی کمپنی پشاور میں بھی اپنے آپریشنز کا آغاز کر رہی ہے جس کے لیے کمپنی کے پاکستانی نژاد امریکی ضیاء چشتی کو آمادہ کر لیا گیا ہے۔ تیمور جھگڑا کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی ڈیٹا اینڈ سافٹ ویئر کمپنی کے بانی سی ای او ضیاء چشتی کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے ضیاء چشتی دنیا کے آئی ٹی کے شعبہ کے کامیاب ترین کاروباری شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء چشتی کو کمپنی کا پشاور میں آپریشن شروع کرنے پر آمادہ کر لیا ہے جس سے یہاں کے نوجوانوں کو بھی ترقی اور خوشحالی کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کامیاب پاکستانیوں کی واپس ملک میں سرمایہ کاری سے ہی حقیقی تبدیلی آ سکتی ہے۔ ان کی اس سرمایہ کاری سے نجی شعبے میں مسابقاتی فضاء پیدا ہو گی جو کہ نئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ ہمیں ضیاء چشتی جیسے ہی حقیقی تبدیلی کے نمائندوں کی ضرورت ہے۔

پشاور (سٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا سے بھی بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن کا آغاز آج پیر کے روز سے ہوگیا ہے۔ صوبے بھر میں ویکسینیشن کو زیادہ اور اس عمل کو کو تیز کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  بزرگ شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا آج سے آغاز ہو گیا۔ 65 سال سے زائد عمر کے شہری 1166 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹر ہو سکتے ہیں تاہم انہیں ویکسین لگنے کی تاریخ اور مرکز کے بارے میں ویکسین کی کھیپ ملنے کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ شہری اس ویب سائٹ nims.nadra.gov.com پر جا کر بھی کورونا ویکسینیشن کے لیے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبہ بھی ویکسین امپورٹ کر رہا ہے جس سے صاحب استطاعت شہری مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں اب تک 8 اضلاع کے 1216 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دی جا چکی ہے۔ تیمور جھگڑا نے ملک بھر میں ویکسینیشن کیلئے این سی او سی، وفاقی وزراء اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان کی کاوشیں کو سراہا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے اپنے دفتر میں صوبے میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نیاز محمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہین آفریدی، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر سلیم اور پاک فوج کے  افسران  شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبے میں کورونا ویکسینیشن کو زیادہ اور اس عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔

مزید :

صفحہ اول -