پی ڈی ایم کو کہوں گا لانگ مارچ کے فیصلے کو رمضان کے بعد لے جائیں ،شیخ رشید کا اپوزیشن کو مشورہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کافیصلہ بدلنے کامشورہ دیدیا،ان کاکہنا ہے کہ پی ڈی ایم کو کہوں گا لانگ مارچ کے فیصلے کو رمضان کے بعد لے جائیں ،26 مارچ کو بھی پی ڈی ایم آناچاہے توکوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ،پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں نہ لیا تولانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آج رات بارہ بجے نوازشریف کے پاسپورٹ کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی ،ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکو منٹس دیا جا سکتا ہے وہ پاکستان آ سکیں ،ان کاکہناتھا کہ جو شخص ای سی ایل پر ہو اس کا پاسپورٹ جاری نہیں ہو سکتا،نوازشریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا،نوازشریف واپس آنا چاہیں تو72 گھنٹے میں سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔
شیخ رشید نے کہاکہ مریم نواز نے سرجری کی بات کی یہ بھی کہاہے درخواست نہیں دیں گی،20اگست2018 سے نوازشریف اورمریم نواز ای سی ایل پر ہیں ،انہوں نے کہاکہ وہ کیا سیاستدان ہے جو دھوکا دیکر ملک چھوڑ جاتا ہے، نوازشریف ملک آنے کی سوچ پروگراموں تک جاری رکھیں گے ،نوازشریف کہیں وہ پاکستان آناچاہتے ہیں انہیں ای ٹی ڈی جاری کیا جاسکتا ہے،انہوں نے کہاکہ جن کا نام ای سی ایل میں ہوان کا پاسپورٹ ری نیو ہوتا ہے نہ نیا دیاجاتا ہے،نوازشریف کا پاسپورٹ جاری کر سکتا ہوں لیکن نہیں کروں گا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ساری سیاست 3 مارچ کے الیکشن پر ہوگی ،کوئی سرپرائز نہیں ہوگا عمران خان سینیٹ الیکشن جیتے گا،4 مارچ کوسینیٹ میں عمران خان سرخروہوں گے،انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کابہت اہم فیصلہ آنے والا ہے،امید ہے سپریم کورٹ کافیصلہ 3مارچ سے پہلے آجائے گا،وزیر داخلہ نے کہاکہ جو ایک بار بکتا ہے وہ 10 بار بکتا ہے،جو بکنے والا ہوتا ہے اس کا ضمیر مردہ ہوتا ہے،ورنہ لوگ کسی صورت بھی اپنے ضمیر کو نہیں بیچتے ،شیخ رشید نے کہاکہ آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے،آصف زرداری کو مایوسی ہوگی ،اب سیاست توسینیٹ کی ہونی ہے،چارمارچ سے ملک میں سیاسی سکون آئے گا،انہوں نے کہاکہ افواہوں کے بازار جو گرم رہتے ہیں اس میں کمی ہو گی ۔