کینسر سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 دنوں میں ساتوں براعظموں پر 7 میراتھون مکمل کرنے والا ڈاکٹر

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک امریکی ڈاکٹر نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے سات دنوں میں سات مختلف براعظموں پر سات میراتھون مکمل کی ہیں۔ یہ میراتھونز ٹیسٹیکولر کینسر (خصیوں کے کینسر) کے حوالے سے آگاہی اور فنڈز جمع کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ یہ غیر معمولی کارنامہ ڈاکٹر ٹی کلارک گیمبلن نے سرانجام دیا، جو فروئڈٹیرٹ اور میڈیکل کالج آف وسکونسن میں سرجن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ خود 2018 میں ٹیسٹیکولر کینسر کا شکار ہو چکے تھے لیکن بیماری کو شکست دینے کے بعد انہوں نے اس چیلنج کو قبول کیا۔
فوکس نیوز کے مطابق یہ چیلنج 31 جنوری سے 6 فروری تک جاری رہا جس میں گیمبلن نے ورلڈ میراتھون چیلنج میں حصہ لیا۔ میراتھون کا آغاز انٹارکٹیکا سے ہوا جس کے بعد یہ جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن، آسٹریلیا کے پرتھ، متحدہ عرب امارات کے دبئی، سپین کے میڈرڈ، برازیل کے فورٹالیزا اور آخر میں امریکہ کے میامی میں اختتام پذیر ہوا۔ گیمبلن کے مطابق، ہر جگہ کا تجربہ منفرد تھا، لیکن انٹارکٹیکا میں دوڑنا سب سے غیر معمولی تجربہ ثابت ہوا۔ گیمبلن کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ ہر جگہ شاندار تجربات سے گزرے لیکن سب سے بہترین لمحہ میامی میں اپنے خاندان اور مریضوں کی موجودگی میں دوڑنا تھا۔
گیمبلن نے اپنی میراتھون کے ذریعے سوا لاکھ ڈالر اکٹھے کیے اور امید ظاہر کی کہ وہ مزید اتنی ہی رقم جمع کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر سے صحتیاب ہونے کے بعد انہیں یہ احساس ہوا کہ وہ صحت مند ہونے کے ناطے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ چھٹی میراتھن کے دوران گیمبلن کی کمر میں چوٹ لگ گئی جس کی وجہ سے انہیں برازیل اور میامی میں دو آدھی میراتھنز مکمل کرنی پڑیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس سے مایوس نہیں ہوئے۔