"دھی رانی پروگرام" کے تحت رحیم یار خان میں 58 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

"دھی رانی پروگرام" کے تحت رحیم یار خان میں 58 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے فلاحی منصوبے "دھی رانی پروگرام" کے تحت رحیم یار خان میں 58 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ اس موقع پر منعقدہ اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ تھے۔

تقریب میں دلہنوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 2 لاکھ روپے مالیت کے تحائف اور شادی کا جوڑا پیش کیا گیا، جبکہ دولہا دلہن کو سلامی کی مد میں ایک 1 لاکھ روپے اے ٹی ایم کارڈز کی صورت میں دیئے گئے۔ دھی رانی پروگرام کے تحت ایک اقلیتی جوڑا بھی شادی کے بندھن میں بندھ گیا، جو اس پروگرام کی شمولیت اور وسعت کو ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  کا دھی رانی پروگرام ایک تاریخ ساز فلاحی منصوبہ ہے، جس کے ذریعے سینکڑوں مستحق خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔  اس پروگرام کی بدولت پنجاب کی بیٹیاں معاشی مسائل یا جہیز کی کمی کے باعث گھروں میں نہیں بیٹھیں گی، بلکہ حکومتی سرپرستی میں عزت و وقار کے ساتھ اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں گی۔

سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1400 سے زائد بیٹیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں، اور رمضان المبارک کے بعد اس پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  کی قیادت میں جاری یہ فلاحی منصوبہ مستحق والدین کو عزت و وقار کے ساتھ اپنی سماجی و مذہبی ذمہ داری پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

تقریب کے دوران روایتی جھومر، قوالی اور چولستانی فنکاروں کے ثقافتی مظاہرے نے شرکاء کی توجہ حاصل کی، جبکہ مہمانوں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔