گوتم اڈانی اور اہلیہ کی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے مزار پر حاضری

گوتم اڈانی اور اہلیہ کی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے مزار پر حاضری
گوتم اڈانی اور اہلیہ کی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے مزار پر حاضری
سورس: Instagram

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اجمیر (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص  اور اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتَم اڈانی اپنی اہلیہ پریتی اڈانی کے ہمراہ راجستھان میں واقع درگاہ اجمیر شریف پہنچے، جہاں انہوں نے مخملی چادر اور پھولوں کا نذرانہ پیش کیا۔ درگاہ کے سجادہ نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے اڈانی خاندان کا استقبال کیا اور انہیں درگاہ کے تقدس و روحانیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوتم اڈانی نے پورے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اجمیر شریف درگاہ ہندوستان کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند یہاں حاضر ہو کر اپنی دعائیں پیش کرتے ہیں۔ یہاں صوفی بزرگ  حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا مزار واقع ہے، جن کی تعلیمات رواداری اور محبت پر مبنی ہیں۔

یہ درگاہ سنگ مرمر اور سونے کی پرتوں سے آراستہ ہے جبکہ اصل مزار چاندی کی جالی اور سنگ مرمر کی دیواروں میں محفوظ ہے۔ مغل بادشاہ اکبر ہر سال یہاں حاضری دیا کرتے تھے، جبکہ شاہ جہاں نے بھی درگاہ کے احاطے میں ایک مسجد تعمیر کروائی تھی۔

گزشتہ ماہ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن ریجیجو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے درگاہ پر ایک چادر پیش کی تھی۔ یہ پیشکش سالانہ عرس کے موقع پر کی گئی تھی۔

عرس کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کیے گئے، جن میں عرس کے لیے آپریشنز مینوئل، درگاہ کی آفیشل ویب پورٹل اور "غریب نواز" ایپ کا آغاز شامل تھا۔