امریکی حمایت کے بغیر یوکرین کے بچنے کے امکانات کم ہیں، ولادیمیر زیلنسکی کی دہائی

کیف (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کی حمایت حاصل نہ رہی تو یوکرین کے لیے روسی حملے کے خلاف زندہ رہنے کے امکانات بہت کم ہوں گے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق زیلنسکی نے یہ بیان اس وقت دیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ہفتے ان سے اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے علیحدہ علیحدہ فون پر گفتگو کی۔ زیلنسکی نے این بی سی نیوز کے پروگرام "میٹ دی پریس" کو دیے گئے انٹرویو میں کہا "شاید یہ بہت، بہت، بہت مشکل ہوگا اور ظاہر ہے کہ ہر مشکل صورتحال میں کچھ نہ کچھ امکانات ہوتے ہیں، لیکن امریکہ کی حمایت کے بغیر ہمارے بچنے کے امکانات بہت کم ہوں گے۔"
زیلنسکی نے انٹرویو میں کہا کہ پیوٹن امن مذاکرات کی میز پر اس لیے نہیں آنا چاہتے کہ وہ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں بلکہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کے ذریعے کچھ عالمی پابندیاں ہٹوانا اور اپنی فوج کو دوبارہ تیار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا "یہی دراصل وہ چاہتا ہے۔ وہ توقف چاہتا ہے، تیاری کرنا چاہتا ہے، اپنی فوج کو دوبارہ تربیت دینا چاہتا ہے اور کچھ پابندیاں ختم کرانا چاہتا ہے، اور وہ یہ سب کچھ جنگ بندی کے بہانے کرنا چاہتا ہے۔"