"شوہر میری فحش تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے" خاتون کی پولیس کو شکایت، لیکن پھر ایسا انکشاف کہ اہلکار بھی چکراگئے

کولکتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے بڈھان نگر پولیس نے ایک 32 سالہ بنگلہ دیشی خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ وہ میڈیکل ویزا پر بھارت آ کر نوجوان بھارتی مردوں سے شادی کرتی پھر ان پر گھریلو تشدد کے جھوٹے مقدمے دائر کر کے بلیک میل کرتی تھی۔ سہانہ صدیق نامی اس عورت نے گزشتہ چار سالوں میں چھ بار سرحد پار کی اور چار جعلی شادیاں کیں۔ اس دوران اس نے اپنی شناخت بھی جعلی رکھی اور کوئی بھی شادی سرکاری ریکارڈ میں درج نہیں کروائی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سہانہ صدیق نے راجار ہاٹ اور نیو ٹاؤن کولکتہ میں اپنے تمام شوہروں پر گھریلو تشدد کے مقدمات درج کروائے۔اس کی تازہ ترین شادی اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی۔ اس نے خود پولیس کے پاس جا کر دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر نے اس کی فحش تصاویر بنائی ہیں اور انہیں عام کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔
پولیس نے جب پسِ منظر کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ اس نے اس سے پہلے بھی اسی طرح کے الزامات لگا کر شکایات درج کروائی تھیں۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق "جب وہ شکایت درج کروا رہی تھی تو ہمیں لگا کہ اس کا چہرہ جانا پہچانا ہے۔ جب ہم نے تفصیلات کھنگالیں تو معلوم ہوا کہ وہ ایک دھوکہ باز عورت ہے۔" اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔