بھارت میں مسلمان نوجوانوں کی تعداد دیگر مذاہب سے زیادہ نکلی
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں مسلمان نوجوانوں کی آبادی 47 فیصد، ہندو 40 فیصد جبکہ جین کمیونٹی 29 فیصد ہے، ملک میں 19 سال کی عمر کے سب سے زیادہ مسلمان نوجوان ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں مردم شماری کے اعدادوشمار کے مطابق بتایا گیا ہے کہ بھارت میں بسنے والے اگر تمام مذاہب کی آبادی کو ملایا جائے تو 41 فیصد آبادی 20 سال کی عمر سے کم لوگوں کی ہے۔ 60 سال کی عمر سے اوپر کے لوگوں کی تعداد صرف 9 فیصد بنتی ہے۔ 20 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں کی تعداد آبادی کا 50 فیصد ہے۔ 2001ءمیں بھارت کی کل 45 فیصد آبادی میں نوجوان شامل تھے جن میں 44 فیصد ہندو، 52 فیصد مسلمان اور 35 فیصد جین تھے۔ ان اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے ملک میں آبادی بڑھنے کی شرح میں کمی آئی ہے۔ مسلمانوں میں 60 یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد آبادی کا صرف چھ اعشاریہ چار فیصد ہے جو قومی اوسط سے کم ہے۔