پی سی بی نے مالی نقصان پورا کرنے کیلئے اخراجا ت میں کمی کا سلسلہ شروع کردیا

پی سی بی نے مالی نقصان پورا کرنے کیلئے اخراجا ت میں کمی کا سلسلہ شروع کردیا

لاہور (اے پی پی) پاک بھارت سیریز کا انعقاد نہ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اپنے مالی نقصان کو پورا کرنے کیلئے اخراجا ت میں کمی کا سلسلہ شروع کردیا۔ پی سی بی کے مختلف شعبے اعلی حکام کی ہدایات پر اپنے سالانہ اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ذرا ئع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے مختلف شعبوں کے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ ڈاؤن سائزنگ پر بھی غور کیا جارہا ہے جس کا عندیہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے پی سی بی گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس میں بھی دیا تھا۔ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے گورننگ بورڈکے گزشتہ اجلاس میں اراکین کو بتایا تھا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے ہم ترمیم شدہ بجٹ بنائیں گے۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کا آئندہ اجلاس 29 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہورہا ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔اجلاس کی صدارت پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان کریں گے ۔ اجلاس میں گزشتہ سال کا آڈٹ شدہ بجٹ اور نئے مالی سال کیلئے بورڈ کا بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو اپنے اخراجات میں کمی کرنا پڑ رہی ہے جس میں ڈاؤن سائزنگ اور پی سی بی کے مختلف شعبوں میں ہونے والے اخراجات میں کمی شامل ہے۔ پی سی بی نے پاک بھارت سیریز سے ہونے والے مالی منافع کو پیش نظر رکھ کر نئے مالی سال کا بجٹ تشکیل دیا تھا لیکن اب سیریز نہ ہونے کی وجہ سے کہا جارہا ہے کہ پی سی بی کو نئے مالی سال کے بجٹ میں کمی کرنا پڑے گی اور ترمیم شدہ بجٹ تیار کرنا پڑ ے گا۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کا فنانشل ماڈل بھی منظور ی کیلئے پیش ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی