شاہین پہلے ٹی 20میں سرخرو ، کیویز پو 16رنز سے شکست

شاہین پہلے ٹی 20میں سرخرو ، کیویز پو 16رنز سے شکست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 آکلینڈ (اے پی پی) پاکستان نے محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے جس میں حفیظ کی 61 رنز کی دلکش اننگز شامل تھی۔ ایڈم ملن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم گرین شرٹس کے باؤلرز نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا اور میزبان ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کین ولیمسن کی 70 اور کولن منرو کی 56 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ وہاب ریاض نے تین جبکہ شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آفریدی کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بناء پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ گرین شرٹس نے محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ مایہ ناز اوپنر نے 47 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، یہ ان کے کیریئر کی 8 ویں نصف سنچری ہے۔ دیگر بلے بازوں میں احمد شہزاد 16 ، شعیب ملک 20 ، عمر اکمل 24 ، کپتان شاہد آفریدی 23 اور عماد وسیم 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صہیب مقصود صفراور سرفراز احمد دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے 37 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل سینٹنر نے دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے ٹوڈ ایسٹل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان کین ولیمسن نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ جارح مزاج بلے باز کولن منرو نے 27 گیندوں پر 6 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہر نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ مارٹن گپٹل دو، گرانٹ ایلیٹ تین، ٹوڈ ایسٹل ایک اور میٹ ہینری دس رنز بنا سکے جبکہ کورے اینڈرسن، لوک رونکی، مچل سینٹنر اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔