آسٹریلیا نے انڈیا کو دوسرے ون ڈے میں 7وکٹوں سے ہرا دیا

آسٹریلیا نے انڈیا کو دوسرے ون ڈے میں 7وکٹوں سے ہرا دیا

برسبین (اے پی پی) بیلی، فنچ اور سمتھ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بھارتی ٹیم نے شرما کی شاندار سنچری، راہانے اور کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، یہ برسبین کے مقام پر کسی بھی غیرملکی ٹیم کی طرف سے سب سے بڑا سکور ہے۔ جواب میں کینگروز ٹیم نے 309 رنز کا مشکل ہدف 49 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، ایرون فنچ اور شان مارش نے 145 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، اس کے بعد بیلی نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ایک مرتبہ پھر بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ فنچ اور مارش 71، 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما کی مسلسل دوسری سنچری رائیگاں گئی تاہم وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، روہت شرما نے ایک مرتبہ پھر کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مسلسل دوسری سنچری مکمل کی، شرما 124 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، اجنکیا راہانے 89 اور ویرات کوہلی 59 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے، دھاون 6، کپتان دھونی 11، پانڈے 6، جدیجا 5 اور ایشون ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیمز فالکنر نے 2 جبکہ پیرس، ہیسٹنگز اور بولانڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 309 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے آسٹریلوی ٹیم جب میدان میں اتری تو فنچ اور مارش نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 145 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، یہ پارٹنر شپ بھارت کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر جدیجا نے فنچ کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، فنچ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 166 کے سکور پر شان مارش کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 71 رنز بنانے کے بعد شرما کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر بیلی نے کپتان سمتھ کا ساتھ دیا، دونوں نے مل کر ٹیم کا سکور 244 تک پہنچایا، سمتھ 46 رنز بنا کر یادیو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد بیلی نے میکسویل کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھا اور ٹیم کو 49 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر فتح سے ہمکنار کرایا۔ بیلی 76 اور میکسویل 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایشانت شرما، یادیو اور جدیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی